Mon - Sat : 9 AM to 5 PM

+92 316 8046 808

Number Six نمبر چھ ۔

نمبر چھ

6, 15, 24

تاریخ پیدائش۔

نمبر 6 زہرہ سے متعلق ہے ، جو ایک متوازن، پر سکون اور پروقار شخصیت کا اظہار کرتا ہے۔

Read in English

 ذاتی اوصاف اور حالات

نمبر 6 کے لوگ خوبصورت، ہوشیار اور قدرتی مناظر کے دلدادہ ہوتے ہیں۔ملنسار فنونِ لطیفہ کے مشتاق اور سفر کے شیدائی ہوتے ہیں۔ راگ رنگ میں دلچسپی لیتے ہیں ۔ حساس ہونے کی وجہ سے خیالات سے بہت جلد اثر پذیر ہوتے ہیں۔ ان لوگوں کو قدرتی اور عملی مسائل سے دلچسپی ہوتی ہے۔ فیاضی ، رحم اور محبت میں دوسروں پر سبقت لیجاتے ہیں۔ بے قاعدگی کو پسند کرتے ہیں۔۔

شخصیت کا مختصر جائزہ

جن کا نمبر 6 ہو ، مرد ہوں یا عورت وہ دوسروں سے شفقت کا برتاؤ کرتے ہیں۔ مگر غصہ ان کی طبیعت کا لازمی جزو ہوگا ۔ غصہ ختم ہونے کے بعد متین مزاجی اور خوش گفتاری کا مظاہرہ کرنا ان کا خاصہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اپنی محب شخصیت کے علاوہ دوسروں کو فی الفور اپنی خوش گفتاری سے خوش کرکے سکون محسوس کرتے ہیں۔ ماسوائے اس شخص کے جو محبت و اخلاق کے ان کے فطری وطیرہ کے طرزِ عمل کو جھٹلاتا ہے اور کسی سے نفرت نہیں کرتے یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ یا تو بعض اوقات کبھی شیر جیسی خونخواری اور کبھی بھیڑ جیسی مسکینی اختیار کرلیتے ہیں۔

اکثر نمبر 6 والے خوبصورتی سے محبت کرتے ہیں۔ عشق و محبت کی طرف ا ن کی طبیعت زیادہ راغب ہوتی ہے۔ نفاست پسندی کے شائق ہوتے ہیں۔ اکثر موسیقی کو بہت پسند کرتے ہیں۔ انکی عادات میں نقش نگاری اور گانے بجانے سے لگاؤ ہوتا ہے۔ اس نمبر والے مہمان نواز ہوتے ہیں۔ اپنے قریبی دوستوں اور رشتہ داروں کی بڑی اچھی طرح مہمان داری کرتے ہیں۔ ان کے لئے بہترین پارٹیوں کا انتظام کرنے کے لئے کئی کئی دن پروگراموں پر خرچ کردیتے ہیں۔یہ لوگ رحمدل، پرخلوص، مددگار اور ہر دلعزیز ہوتے ہیں۔

چال چلن

یہ لوگ قابلِ بھروسہ اور متوازی الذہن ہوتے ہیں۔ جہاں بھی جاتے ہیں اپنی خوش خلقی کی وجہ سے مقبول ہوجاتے ہیں۔ اچھے اخلاق اور اچھی صفات کی وجہ سے ہر جگہ گرم جوشی سے ان کا استقبال کیا جاتا ہے۔ حسنِ فطرت سے لطف اندوز ہونا ان کی فطرتِ ثانیہ ہوتی ہے۔ چنانچہ یہی وجہ ہے کہ یہ مرد ہوں یا عورت دوسروں کی خوشیوں کیلئے بہت کچھ کرتے ہیں۔ سفارتی کام کے لئے بہت موزوں ہوتے ہیں۔ ان کی زندگی ہمیشہ پرسکون رہتی ہے۔ مگر ان کے ذوق کا پتہ ان کے رہن سہن سے لگ جاتا ہے۔ اپنے والدین کے بڑے وفادار ہوتے ہیں۔ بچوں سے شفقت سے پیش آنا ان کی فطرت ہے۔ بایں صفات یہ کبھی اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کے متعلق ہرگز نہیں سوچتے۔ بلکہ اپنی مہربان خصوصیات کی وجہ سے دوسروں کیلئے بہت کام کرجاتے ہیں۔ان پر کامل بھروسہ کیا جائے تو فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔ مگر ان کی عادت بہت پختگی تک نہ پہنچی ہو توجلد گھبراہٹ اور پریشانی کا شکار ہوجاتے ہیں اور جب تک ان کو تفصیلات سے آگاہ نہ کیا جائے اس وقت تک پریشانی میں مبتلا رہتے ہیں۔

فطرت

یہ لوگ آخری عمر میں سیر و سیاحت کے زیادہ شوقین ہوجاتے ہیں۔ مرد ہو یا عورت قدرتی مناظر ان کی زندگی کی لطافتوں کے لئے مفید ثابت ہوتے ہیں۔ ان کی صحت اچھی اور جسم طاقتور ہوتا ہے۔لوگ زمانہ کے ساتھ ساتھ بوڑھے ہوجاتے ہیں، لیکن ان کی صحت بڑی عمر تک برقرار رہتی ہے۔ ان کو چاہئے کہ بد پرہیزی کے مرتکب نہ ہوں ۔ گرم چیزوں کا استعمال اور اعلیٰ خوراک کو پسند کرتے ہیں۔ کھانسی کے امراض کے عموماً شکار ہوجاتے ہیں۔

لین دین میں یہ لوگ کوڑی کوڑی کا خیال رکھتے ہیں۔ وہ شخص بد قسمت ہی ہوگا جو انہیں پیسہ کے معاملہ میں دھوکا دینا چاہے۔ ان لوگوں کو روپیہ جمع کرنے کا بہت شوق ہے۔ بعض اوقات کنجوس بن کر زندگی کا لطف ہی گنوادیتے ہیں۔انہی لوگوں میں جو فضول خرچ ہوتے ہیں وہ اپنے بے معنی اخراجات اور لاابالی طبع کا خیال نہیں رکھتے۔ لہٰذا ہمیشہ مقروض رہتے ہیں اور پیسہ کی شکایت کرتے رہتے ہیں۔

اگر یہ لوگ اپنے اوپر بھروسہ کرنے کی عادت ڈال لیں تو کامیاب انسان بن سکتے ہیں انہیں دوسروں میں نقائص ڈھونڈنے کی عادت ترک کردینی چاہئے بلکہ اپنے نقائص دور کرنے چاہئیں اور دوسروں کی خوبیوں کا اعتراف کرنا چاہئے۔اگر یہ لوگ کھلم کھلا اپنے خیالات کا اظہار کریں ، صاف گوئی سے کام لیں اور اس امر کو نظر انداز کردیں کہ لوگ کیا کہیں گے، تو بہت بہتر پوزیشن حاصل کرسکتے ہیں۔جس وقت یہ لوگ تھک جائیں تو انہیں قدرتی مناظر سے تازگی اور فرحت حاصل کرنی چاہئے۔ ان لوگوں کو منّشی اشےأ تکلیف دیتی ہیں۔ یہ لوگ اکثر دوسروں کی اصل فطرت فوراً نہیں پہچان سکتے جس کی وجہ سے دھوکا کھاجاتے ہیں۔

صحت

نمبر 6 سے تعلق رکھنے والے افراد کو مندرجہ ذیل مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
۔ناک، گلے اورپھیپھڑوں سے متعلقہ امراض
۔ نمبر 6 سے تعلق رکھنے والی عورتوں کو چھاتی سے متعلقہ مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
۔ بڑھاپے میں دوران خون میں رکاوٹ کی وجہ سے عارضہءِ دل میں مبتلا ہوجانا۔
۔ بخار
۔گردہ و مثانہ کے امراض
۔ قبض وغیرہ

یہ لوگ عام طور پر اچھی صحت کے مالک ہوتے ہیں اور شاذونادی ہی بیمار پڑتے ہیں۔ ان کی زیادہ تر بیماریوں کا تعلق زحل کی کمزور گھر میں موجودگی ہے۔ انہیں مندرجہ ذیل حفاظتی تدابیر اختیار کرنا چاہئیں۔
الف۔ نشہ آور اشیاء سے مکمل پرہیز کریں۔
ب- ایسی خوراک نہ کھائیں جو دیر ہضم ہو۔ گائے کا دودھ ملائی اتارنے کے بعد استعمال کریں۔
ج- صبح وشام کی سیر کریں۔ اور زیادہ سے زیادہ وقت کھلی ہوا میں گزاریں۔
د- جنسی مشاغل میں معقول وقفہ دیں، وگرنہ جنسی امراض کا شکار ہوسکتے ہیں۔

محبت اور شادی

جن لوگوں کا یہ نمبر ہوتا ہے ، وہ جلدی سے کسی کی محبت میں گرفتار نہیں ہوتے اور اگر یہ کسی سے محبت کی بناء پر تعلقات استوار کرلیتے ہیں تو ہمیشہ ان کے خیال میں شادی کے تصورات رہتے ہیں اور ہمیشہ کیلئے ایک دوسرے کے ہوجانے کا خیال کرتے ہیں۔ان لوگوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ ان کی شادی انکی پسند کے مطابق ہو بھی جائے تو بھی دوسری ذمہ داریوں کو نظر انداز کردینا مناسب نہ ہوگا۔ کیونکہ محبت کے علاوہ گھر کی دنیا کے اندر اور باہر ایک جہاں اور بھی آباد ہوتا ہے۔

یہ نمبر محبت کرنے والوں کا ہوتا ہے ان کی رگ رگ میں محبت سمائی ہوتی ہے۔ اگراس کے ساتھ کم توجہی برتی جائے تو اس کی گرم پرجوش محبت پر ظلم کرنے کے مترادف ہوگا۔خصوصاً 6 کی شادی 6 کے ساتھ نہایت کامیاب اور اچھی گذرتی ہے۔ یا پھر کسی حد تک ۲ نمبر کے ساتھ بھی۔ ۳، ۵ کی زندگی بھی خوشی کا باعث بن سکتی ہے۔ مگر 6کا رشتہ 4 کے ساتھ ہمیشہ نزاع کی صورت میں رہے گا۔ البتہ اگر دونوں کی طبیعت میں صبر و تحمل کا مادہ پایا جائے تو زندگی اچھی گذر سکتی ہے۔ مزاجی کیفیت کے لحاظ سے ا،۸ بھی 6 کے ساتھ اچھی مطابقت رکھتے ہیں۔ 6، ۹ بھی اچھی زندگی گزار سکتے ہیں مگر ۷ کے ساتھ نبھا نہیں ہوسکتا ماسوائے اس کے کہ دونوں میں سے کوئی فریق اپنی عادت میں تبدیلی پیداکرلے۔
اس نمبر کی عورتیں نمائشی، تڑک بھڑک پوشاک زیادہ پسند کرتی ہیں اور اکثر نئے نئے فیشنوں کی مشتاق ہوتی ہیں۔ اس نمبر کی عورت اولاد کی بہت خواہش مند ہوتی ہے۔ خوبصورتی اور محبت کو بہت پسند کرتی ہے۔

زندگی کی مصروفیات

اس نمبر والے فطرتاً کامیاب زندگی گزارتے ہیں۔ان میں اکثریت ان لوگوں کی ہوتی ہے جو اپنی اولاد کو خوش رکھنے اور ان کی زندگی کو نمونہ بنانے کیلئے کوشاں رہتے ہیں۔ تحریر وتقریر نقاشی واقعات نگاری ان کی فطرت ہوتی ہے۔ یہ لوگ ادب یا آرٹ کی خاطر زندگی بھر کی غلامی بھی قبول کرلیتے ہیں۔ بہ حیثیت ایک عہدے دار کے یہ اپنی تعریف و توصیف کو پسند کرتے ہیں۔

یہ نمبر بنک اور حسابات پر حکومت قائم کرتا ہے۔ اس نمبر کے لوگ کیمسٹ، نرس ، ڈاکٹر، سماجی کارکن یا ٹیچر بننا پسند کرتے ہیں۔ انہی پیشوں میں زیادہ کامیاب بھی ہوتے ہیں۔ بک کیپنگ، کیشئیر اور اکاؤنٹنٹ بننا بھی ان کیلئے موزوں ہے۔ اپنے کام کیلئے دوسروں سے مشورہ طلب کرنا بھی ان کے لئے مفید ہوتا ہے۔ یہ لوگ نہایت قابل اعتمادملازم ثابت ہوتے ہیں۔ ایمانداری سے کام کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ ان کا طرز عمل بچوں کا سا ہوتا ہے، اگر ان سے ان کے میلانِ طبع کے خلاف کام لیا جائے تو وہ آپ کے رحم و کرم پر سب کچھ ڈال دیں گے۔ دنیاوی زندگی میں انہیں ۷،۸ نمبر کے لوگوں سے فائدہ ہوگا۔ایسے لوگوں کو چاہئے کہ وہ آزادانہ کام کریں ، اس طرح انہیں زیادہ نفع ہوگا اور زندگی میں چمکنے کے مواقع بھی ملیں گے۔

کاروبار اور دولت

معاشی طور پر یہ لوگ پریشان حالی کا شکار ہوتے ہیں۔ ان کے خیال میں روپیہ جمع کرنے کے منصوبے تو بہت ہوتے ہیں مگر وہ محض ایک نامکمل خواب بن کر رہ جاتے ہیں۔ پھر بھی روپیہ پیسہ بڑے احتیاط سے خرچ کرتے ہیں۔ اکثر ان کی زندگی مقروض ہونے میں گزرتی ہے۔ اگر کبھی انکی معاشی حالت مستحکم ہوبھی جائے تو کبھی جواء اور دیگر فضولیات میں نہیں پڑتے۔ بلکہ اچھے مواقع کی تلاش میں رہتے ہیں اور شئیرز و سٹاک میں اچھا موقع تلاش کرکے روپیہ لگادیتے ہیں۔ یہ ان لوگوں کو ناپسند کرتے ہیں جو بے مقصد اپنی دولت کو ضائع کردیتے ہیں۔ اور خواہ مخواہ پریشان ہوکر رہ جاتے ہیں۔ ان کے نزدیک روپیہ کی بڑی قدر ہوتی ہے۔ یہ لوگ سخی ہونے کی وجہ سے بڑی مشکل سے امیر ہوتے ہیں لیکن اخراجات کے معاملہ میں کسی کے دستِ نگر نہیں رہتے۔

اہم نکات

وہ لوگ جو 6،۱۵،24 تاریخوں میں پیدا ہوئے ہوں ان کا بھی یہی نمبر ہوتا ہے۔ اور وہ تمام بڑے اعداد جن کا مفرد نمبر 6 ہو اسی سے وابستہ ہوتے ہیں۔ اگر یہ لوگ 6،۱۵،24 تاریخوں میں اپنے کام سرانجام دیں تو کامیاب رہتے ہیں۔ خصوصاً سال کی ۲۱ ا پریل تا ۲۱ مئی اور 24ستمبر تا24 اکتوبر کے درمیان کی تاریخوں میں کاموں کو سرانجام دینا خوش بختی لاتا ہے۔ ان کیلئے جمعہ کادن خوش بختی کا دن ہے ۔ پھر جمعرات اور منگل بھی موافق ہیں۔ رنگ پیلا یا گلابی استعمال کرنا اور نیلم کی انگوٹھی پہننا خوش قسمتی ہے۔