Mon - Sat : 9 AM to 5 PM

+92 316 8046 808

Number Five نمبر پانچ ۔

نمبر پانچ

5, 14, 23

تاریخ پیدائش۔

یہ نمبر عطارد سے متعلق ہے ، جلدبازی، سلجھے ہوئے ذہن اور بہادری سے متعلق ہے۔

Read in English

 ذاتی اوصاف اور حالات

علم الاعداد کے نقشے میں یہ تمام نمبروں کے وسط میں واقع ہوا ہے۔ نمبر ۵ والے افراد گوناگوں صفات سے متصف ہوکر زندگی کی جدوجہد میں داخل ہوتے ہیں۔ نہایت تیز فہم ہوتے ہیں ، جلد ہی کسی معاملہ کی تہہ تک پہنچ جاتے ہیں۔ غضب کے موقع شناس ہوتے ہیں اور کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ جتنے روشن دماغ ہوتے ہیں اتنے ہی دماغی لحاظ سے چست و چالاک اور ہوشیار بھی واقع ہوئے ہیں۔ لیکن ان کے اند ر خاص نقص یہ ہے کہ ثابت قدمی اور استقلال ان میں نہیں ہوتا۔ بعض اوقات کسی کام کی ابتداء کی مشکلات سے دل برداشتہ ہوکر ہی اس کی تکمیل کا خیال چھوڑ دیتے ہیں۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ان سے کم لیاقت رکھنے والے لوگ ان پر سبقت لے جاتے ہیں۔ انکی بے استقلالی ان کے حق میں لعنت ثابت ہوتی ہے ، کسی نئی تحریک کی طرف ان کے پاؤں میں لغزش آجاتی ہے اور وہ اس طرف سے پھسل جاتے ہیں۔

شخصیت کا مختصر جائزہ

علم الاعداد کے نقشے میں یہ تمام نمبروں کے وسط میں واقع ہوا ہے۔ نمبر ۵ والے افراد گوناگوں صفات سے متصف ہوکر زندگی کی جدوجہد میں داخل ہوتے ہیں۔ نہایت تیز فہم ہوتے ہیں ، جلد ہی کسی معاملہ کی تہہ تک پہنچ جاتے ہیں۔ غضب کے موقع شناس ہوتے ہیں اور کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ جتنے روشن دماغ ہوتے ہیں اتنے ہی دماغی لحاظ سے چست و چالاک اور ہوشیار بھی واقع ہوئے ہیں۔ لیکن ان کے اند ر خاص نقص یہ ہے کہ ثابت قدمی اور استقلال ان میں نہیں ہوتا۔ بعض اوقات کسی کام کی ابتداء کی مشکلات سے دل برداشتہ ہوکر ہی اس کی تکمیل کا خیال چھوڑ دیتے ہیں۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ان سے کم لیاقت رکھنے والے لوگ ان پر سبقت لے جاتے ہیں۔ انکی بے استقلالی ان کے حق میں لعنت ثابت ہوتی ہے ، کسی نئی تحریک کی طرف ان کے پاؤں میں لغزش آجاتی ہے اور وہ اس طرف سے پھسل جاتے ہیں۔

چال چلن

جن لوگوں کا یہ نمبر ہوتا ہے وہ جلد باز اور فوراً غصہ سے بے قابو ہوجانے والے ہوتے ہیں۔ فطرتاً یہ مصروف زندگی کے مالک ہوتے ہیں۔ ان کے نزدیک آرام بے مقصد سی چیز ہے۔ یہ ہر وقت مصروفِ عمل رہنا ہی اپنی زندگی کا منشاء سمجھتے ہیں۔ ایسے لوگ اکثر کامیابی حاصل کرلیتے ہیں۔ مگر سوئے اتفاق سے جب ان کو ناکامی ہوتی ہے یا نقصان پہنچتا ہے تو مفلوج الذہنی اور بے چینی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ یہ لوگ منصوبہ بندی کے قطعاً خلاف ہیں۔ ان کے لئے عمل ہی ایسا زینہ ہے جس کو وہ زندگی کا ستون مانتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی زندگی پر جذباتی تاثرات چھائے رہتے ہیں۔ یہ لوگ ربڑکیطرح پھیل اور سکڑ سکتے ہیں۔ یہ وقت کی رفتار کے ساتھ ساتھ بدلتے جاتے ہیں۔ ان کے نزدیک زندگی ایک چمک ہے ۔ یہ لوگ لیکر کے فقیر ہوتے ہیں۔ کوئی جدت یا نیا خیال پیش کرنے کی صلاحیت پرانی قدروں کی بنیاد پر ہوتی ہے۔

کمزوریاں:
نمبر ۵ والے افراد کو راز کی بات نہ بتائیں ورنہ وہ جھٹ سے راز افشاں کردیتے ہیں۔ وفاداری بھی ان کا خاصہ نہیں۔ اگر آپ اسکی نگاہ کے سامنے نہیں تو دماغ میں بھی نہیں۔ نمبر ۵ والے حقائق اور دلائل کو پسند کرتے ہیں۔ انسان کی اچھی صفات مثلاً عبادت، جذبۂ رحم وغیرہ کو اکثر اوقات انسانی فطرت کی کمزوریوں پر محمول کرتے ہیں۔

مندرجہ بالا امور کی بناء پر ان پر یہ الزام نہیں رکھا جاسکتا کہ یہ بے وفا ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ وہ اپنی باہمی محبت کی نمائش کو پسند نہیں کرتے۔ اگر درمیان میں پابندیاں اور کسی قسم کی قیود نہ ہوں تو نہایت شگفتہ خاطر اور ایک دوسرے کے جذبات کیلئے محرک ثابت ہوتے ہیں۔اپنی تغیر پسندی کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہیں۔ وہ ایک طویل عرصہ تک متفکر نہیں رہ سکتے۔ اگر ان پر ایک دروازہ بند ہوجائے تو وہ دوسرے دروازے پر دستک دیتے ہیں اور اس جدوجہد میں سابقہ ناکامیوں کو یکسر فراموش کردیتے ہیں۔

فطرت

اس نمبر والے ہمیشہ گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے والے ہوتے ہیں۔ وہ دل کے گہرے نہیں ہوتے۔ گویا علم الاعداد کے مطابق عین درمیان ایک تغیر پذیری کے مقام پر یہ اشخاص پہنچ جاتے ہیں۔ اسلئے ایسے افراد ہر چیز کے متعلق تھوڑا تھوڑا علم ضرور رکھتے ہیں۔ان کے اند ر یہ خواہش شاید ہی ہوتی ہے کہ وہ کسی چیز کے متعلق پورا علم حاصل کرسکیں۔

اگر نمبر ۵ والے افراد اپنی اندرونی کمزوریوں پر غالب آجائیں تو وہ کامیابی کے زینے پر پہنچ جاتے ہیں۔ ان کی ساری توجہ اس امرکی طرف ہوتی ہے کہ وہ اپنی محنت کا ثمر حاصل کریں۔ انہوں نے نفس کشی کا سب سے بڑا سبق پڑھا ہوا ہوتا ہے۔ اپنے آوارہ اور او ل العزم دماغ کو وہ جس طرف لگاتے ہیں اس سے واجبی طور پر ان کو فائدہ ہوتا ہے۔
متوسط درجہ کے نمبر ۵ والے لوگ دلفریبی کے شیدائی ہوتے ہیں۔ان کا زرخیز دماغ حیرت انگیز رفتار سے کام کرتا ہے وہ نئی نئی اختراعات کرتے ہیں۔اس لئے ان سے طرح طرح کی باتوں اور اعتقادات کی توقع رکھنی چاہئے اور ان کی عادات کے سامنے سر تسلیم خم کردینا چاہئے۔ ایک عقیدے سے منحرف ہو کر دوسرے عقیدے کی طرف جاتے ہوئے بعض اوقات وہ پورا چکر کاٹ لیتے ہیں۔ جسے لوگ منکرِ خدا سمجھتے رہے وہ سچا خداپرست بن جاتا ہے۔

نمبر ۵ والے لوگوں کے قدم آسانی سے جم نہیں سکتے۔ ان کے دل دماغ آزاد ہوتے ہیں۔ اس لئے وہ کم از کم ایک چیز سے خاص طور پر وابستہ ہوتے ہیں اور وہ چیز ہے ان کی آزادی، سیرو سیاحت اور نقل و حرکت، چھٹیوں میں گھومنا ان کا پسندیدہ شغل ہے۔ کیونکہ وہ مختلف ہمراہیوں اور مختلف مناظرسے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ نئے آدمیوں سے واقفیت پیداکرنے میں خوشی محسوس کرتے ہیں۔ فنِ تحریر و تقریر میں مہارت رکھنے کی وجہ سے ہر قسم کی نئی یاوہ گوئی سے پوری طرح واقفیت رکھتے ہیں۔ وہ ایسا کرتے ہوئے خاص احتیاط سے کام نہیں لیتے۔

صحت


نمبر 5 سے متعلقہ افراد کو مندرجہ ذیل مسائل کا سامنا رہتا ہے۔
۔اعصابی نظام پر غیر معمولی بوجھ
۔کام کی زیادتی کی وجہ سے اعصابی و جسمانی تھکن
۔ کھانسی، نزلہ اور زکام
۔ جلدی امراض

یہ لوگ اپنی بہت سی بیماریوں محض احتیاط کرنے سے بچ سکتے ہیں۔انہیں مناسب آرام اور خوراک کی اشد ضرورت ہے۔ باقاعدگی سے سونا، ورزش اور صبح کی سیر کرنا وغیرہ۔ انہیں حٖفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیئے۔ اپنا کمرہ، لباس، وغیرہ صاف ستھرا رکھیں، صاف پانی ابال کر پیئں۔

محبت اور شادی


اس نمبر والے افراد جلد ہی دوسروں کو اپنی طرف متوجہ کرلیتے ہیں۔ جیسے گلاب کا پھول شہد کی مکھی کو۔ چاہے وہ خوبصورت ہوں یا بدصورت، عورت ہو یا مرد، وہ قدرتی طور پر صنفِ مخالف پر جلد ہی اپنے تاثرات کا سایہ ڈال سکتے ہیں۔اس لئے یہ لوگ محبت کے معاملہ میں نہایت گرم جوش اور جذباتی کیفیت کے مالک ہوتے ہیں۔ یہ غیر فانی محبت کے قائل ہوتے ہیں۔ اپنی محبت سے دوسروں کو فی الفور متوجہ کرسکتے ہیں۔ شادی کے معاملہ میں خوش نصیب ثابت ہوئے ہیں اور بدنصیب بھی۔ کیونکہ یہ اپنی فطرت والے سے زیادہ مناسبت رکھتے ہیں۔ اگر ان کی فطرت کے برعکس ان کی شادی ہوجائے تو بدنصیبی اور کم بختی ان کا نتیجہ بن کر رہ جاتی ہے۔ تجربات سے پتہ چلا ہے کہ نمبر ۵ والے افراد نمبر ۵ والوں کے ساتھ ہی خوشگوار زندگی گزارسکتے ہیں۔ بعض اوقات انکی شادی ہنگامی طور پر، اچانک یا فی الفور ہوتی ہے۔ لیکن آرام و سکون ان کے مقدر میں کم ہوتا ہے۔

محبت خوشیوں کا پیشِ خیمہ ہوتی ہے اور محبت کی خاطر ہی نئے حالات کامقا بلہ کرنے کیلئے تیار ہوجاتے ہیں۔ اگر ان کی شادی ۲،۳،۶ سے ہوجائے تو صنفِ مخالف ان کو خوش کرنے کی ہرممکن کوشش کرتی ہے۔ نمبر ۳ کی خصوصیات بھی قدرے ان سے مشتر ک ہیں۔ ۷، ۸ بھی ان کے مناسب اور سرگرم ساتھی بن سکتے ہیں۔ ان کارشتہ ۷ کے ساتھ بہت اچھا رہتا ہے۔ ۱،۶،۹ سے کامیاب زندگی گزارناکسی معجزے سے کم نہیں ہوگا۔ ان کی زندگی ان نمبروں سے کسی بیرونی تاثر سے خوشگوار ہوسکتی ہو تو الگ بات ہے وگرنہ اصولاً یہ ممکن نہیں۔

زندگی کی مصروفیات

یہ ایسی صفات والا نمبر ہے جوکامیابی کو فی الفورحاصل کرسکتا ہے۔ مگر قابلیت کا ساتھ ہونا ضروری ہے اور کامیابی ، دولت اور برسراقتدار آنے کے بعد ہی ان کو کام دے سکتی ہے مگر ایسی صفات والوں کی خواہشات معدودے چند ہی کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ یہ لوگ چند بنیادی خامیوں کی وجہ سے دور رہ جاتے ہیں۔ ان لوگوں کو چاہئے کہ آئندہ زندگی کیلئے اپنا لائحہ عمل مرتب کرنے میں احتیاط سے کام لیں۔ ان کو نئے خیالات ، نئی چیزوں کی اختراع کیلئے تکالیف کا سامنا کرنا پڑے گا۔انجام کار نتیجہ بے اطمینانی اور پریشانی کے سوا کچھ نہ ہوگا۔ اگر اس نمبر والے غوروفکر سے اپنا آئندہ پروگرام مرتب کرلیں تو کامیابی یقینی ہے۔ ان کیلئے نامۂ نگاری، فوٹو گرافی، ہوٹل، قانون دانی یا وکالت، ڈاکٹری ، ہوابازی ، شکارکے کاروبار بے حد مناسب ہیں۔ اگر یہ تعلقات عامہ، پبلسٹی، مواصلات کے محکموں میں داخل ہوں تو بھی کامیابی کے دروازے انکے لئے کھلے ہیں۔
اس نمبر سے تعلق رکھنے والے آدمی تجربے ، مشاہدے اور جان جوکھوں کے کام میں حصہ لینے کے بھی خواہش مند ہوتے ہیں۔ نہایت جوش و خروش سے میدانِ عمل میں اترتے ہیں۔

مستقل مزاجی اور ثابت قدمی کی کمی عموماً تیز فہمی اور وسعت ذرائع سے پورا کرلیتے ہیں۔ یہ وہ نمبر ہے جو تخیل اور غوروخوض سے محروم نہیں ہوتا۔ سوداگری ان کو بہت نفع دیتی ہے۔ آمدن کے وسائل بنانا ان کیلئے مشکل نہیں ہوتے۔ بلاشبہ اس نمبر کی بنیادی قابلیتوں کی وجہ سے یہ اپنے متعلقہ میدان میں اچھا مقام پیدا کرلیتے ہیں۔ مگر ابتدائی طور پر وہ جوہر بھی ہونے چاہئیں جن کی بنیاد پر کامیابی کے مدارج طے کئے جاسکیں۔ مخصوص حالات میں ملازمتوں میں اچھے ملازم کی حیثیت سے وقت گزار لیتے ہیں۔

جوئے اور لاٹری کی طرف بہت کم مائل ہوتے ہیں۔ اگر برادری کا کوئی عزیز فوت ہوجائے یا سوسائٹی میں کوئی اعلیٰ فرد مرجائے تو یہ لوگ اس کی جگہ بہت جلد پر کردیتے ہیں۔

کاروبار اور دولت

پیسے کے معاملہ میں یہ ایک جواری کی سی قسمت کے مالک ہوتے ہیں۔ کسی وقت ان کی جیب میں ہزاروں روپے ہوتے ہیں اور کسی وقت بالکل خالی ۔ مگر یہ لوگ قسمت کے دھنی ہوتے ہیں۔ جو راتوں رات امیر بن سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ پیسے کے معاملے میں غیر محتاط ہوتے ہیں۔ بعض اوقات تو اپنی فراست کا ایسا ثبوت پیش کرتے ہیں کہ اپنی پسِ اندوختہ دولت کواچھے کام میں صرف کرکے فائدہ اٹھالیتے ہیں مگر بعض اوقات یہ مستقبل کی ذمہ داریوں سے بے نیاز ہوکر خرچ بھی کر ڈالتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان افراد کا خاندان یا تو خوشحالی اور آسودگی میں ہوگا یا پھر فاقہ زدگی کا مہیب سایہ ان پر مسلط ہوگا۔ لہٰذا ایسے آدمی کو چاہئے کہ وہ نہایت بردباری اور عقل مندی سے اپنی آئندہ زندگی کا راستہ متعین کرے۔

اہم نکات

مہینے کی ۵،۱۴،۲۳ تاریخوں میں کسی بھی ماہ اہم کام شروع کرنا مفید ہوتا ہے۔خصوصاً ۲۱ مئی سے ۲۳ جون اور ۲۱ اگست سے ۲۳ ستمبر کے درمیانی عرصہ میں بہت کامیابی ہوتی ہے۔ وہ تمام بڑے اعداد جن کا مفرد نمبر ۵ ہوگا ، ان سے متعلق ہونگے۔ ان کے لئے بدھ کا دن خوش بختی کا ہے۔ جمعہ بھی موافق ہے۔ سفید رنگ موزوں ہوتا ہے۔ چاندی یا پلاٹینیم کی انگشتری پہننا مفید ہے۔ ہیروں میں سے پکھراج خوش بختی کا پتھر ہے۔ یہ لوگ نقل مکانی کرکے بہت ترقی کرسکتے ہیں۔